Thursday, March 28, 2024

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں : مشیرخارجہ

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں : مشیرخارجہ
September 25, 2016
نیویارک (92نیوز) مشیرخارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ عالمی برادری کشمیریوں پر بھارتی تشدد روکنے کےلئے اقدامات کرے۔ تفصیلات کے مطابق نیویارک میں اسلامی کانفرنس تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس ہوا جس میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بھی شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کا پردہ چاک کیا۔ ان کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ برہان وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد سے کشمیر میں صورتحال دن بدن ابتر ہوتی جا رہی ہے۔ قابض فوج نے اب تک 100 سے زائد بےگناہ کشمیری شہید کر دیے ہیں جبکہ ہزاروں زخمی ہو گئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیاکہ کشمیریوں پر بھارتی تشدد روکنے کے لیے اقدامات کئے جائیں۔ مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کووسیع چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔