Friday, May 17, 2024

مقبوضہ کشمیر، قابض بھارتی فوج نے جولائی میں 24 کشمیریوں کو شہید کر دیا

مقبوضہ کشمیر، قابض بھارتی فوج نے جولائی میں 24 کشمیریوں کو شہید کر دیا
August 2, 2020
سری نگر (92 نیوز) بھارت کے غیر قانونی زیر مقبوضہ جموں و کشمیر میں فوج کی بربریت رک نہ سکی۔ محاصروں اور جعلی مقابلوں کی آڑ میں ماہ جولائی میں 24 کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا۔ انتہا پسند بھارت کا مظلوم کشمیریوں پر ظلم و جبر جاری ہے۔ گزشتہ ماہ جولائی کے دوران قابض بھارتی فوج نے پیلٹ گنوں، گولیوں اور آنسوگیس کی شیلنگ سے 59 پُرامن کشمیریوں کو زخمی کیا۔ دوسری جانب حریت رہنماء اشرف صحرائی سمیت مقبوضہ وادی کے 98 افراد کو گرفتار کیا۔ قابض بھارتی فورسز نے محاصروں اور سرچ آپریشن کے دوران 11 مکانات بھی تباہ کیے۔ بھارتی حکومت نے عید الاضحی کے موقع پر بھی اپنی روایات نا بدلیں اور مقبوضہ وادی کے مسلمانوں کو مساجد میں عید کی نماز ادا نا کرنے دی۔ عید کے دوسرے دن بھی بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں گلیوں اور بازاروں میں کرفیو کا سماں ہے۔ دوسری جانب مودی سرکار نے بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں فور جی انٹرنیٹ سروس کو معطل کیا ہوا ہے۔ مقبوضہ وادی میں ہائی سپیڈ انٹرنیٹ سروس کو معطل کئے ایک سال مکمل ہو چکا ہے۔ بھارت مظلوم کشمیریوں کی آواز دبانے لے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے جن میں سے ایک انٹرنیٹ سروس معطل کرنا بھی ہے۔