Friday, April 19, 2024

مقبوضہ کشمیر سے متعلق شاہد آفریدی کے متنازعہ بیان نے نیا پنڈورا بکس کھول دیا

مقبوضہ کشمیر سے متعلق شاہد آفریدی کے متنازعہ بیان نے نیا پنڈورا بکس کھول دیا
November 14, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) شاہد آفریدی کے مقبوضہ کشمیر پر متنازعہ بیانات نے نیا پنڈورا بکس کھول دیاشاہد آفریدی نے کہا کہ  پاکستان سے چار صوبے نہیں سنبھل رہے، پاکستان کو کشمیر نہیں چاہئے،بھارت کو بھی کشمیر نہ دو۔ کرکٹر شاہد آفریدی جذبات میں بہہ کر کچھ زیادہ بول گئے ، کرکٹ میں غیرذمہ دارانہ  شاٹس کے بعد غیرذمہ دارانہ بیان بھی داغ دیا۔آفریدی نے کشمیر پر ریاست پاکستان کے مؤقف کی نفی کردی  اور لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بولے پاکستان کو کشمیر نہیں چاہئے،انڈیا کو بھی نہ دو۔آفریدی نے بعد میں وضاحتی بیان بھی جاری کردیا۔ کشمیر پر اپنی نرالی منطق دینے کے بعد آفریدی کی زبان نہ رکی بلکہ دیار غیر میں بیٹھ کر ملکی سیاست پر بھی اپنا ماہرانہ تبصرہ دے ڈالا کہ چار صوبے تو سنبھل نہیں رہے کشمیر کیا سنبھالیں گے ۔ میڈیا پر ان کی گفتگو نشر ہوئی تو عوامی ردعمل سامنے آیا جس پر شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے وضاحت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا نے ان کے بیان کو یکسرتبدیل کر کے پیش کیا،وہ محب وطن ہیں اور کشمیریوں کی جدوجہد  آزادی  کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ سابق کپتان کا مزید کہنا تھا کہ میڈیا پر چلنے والا ان کا کلپ پورا نہیں اس سے پہلے جو انہوں نے کہا وہ کلپ میں نہیں دیکھایا گیا۔ کشمیر پر بات کرتے ہوئے انہوں نے وضاحت دی کہ کشمیر حل طلب مسئلہ ہے اور ظالم بھارتی حکومت کے تسلط میں ہے۔مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے،ان  سمیت ہر پاکستانی کشمیر کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرتا ہے اورکشمیر پاکستان کا ہے۔