Friday, April 19, 2024

مقبوضہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد کو 70 سال مکمل ہو گئے

مقبوضہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد کو 70 سال مکمل ہو گئے
January 5, 2019
سرینگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر کےعوام کو حق خودارادیت دینے کی اقوام متحدہ کی قرارداد کو 70سال مکمل ہو گئے لیکن بھارتی درندہ صفت فورسز کے ظلم سہتے کشمیری عوام آج بھی آزادی کی راہ تکتے نظر آتے ہیں۔ اقوام متحدہ کی قرارداد کو آج 70سال مکمل ہونے پر حریت رہنما میرواعظ عمرفاروق کہتے ہیں عالمی برادری اقوام متحدہ کی قرار داد کے تحت مقبوضہ وادی میں ریفرنڈم کرائے۔ مسئلہ کشمیر پر کشمیری ایک کے بعد ایک نسل کھو رہے ہیں۔ 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ نے ایک قرارداد کے ذریعے کشمیری عوام کو یہ فیصلہ کرنے کا حق دیا تھا کہ وہ استصواب رائے کے ذریعے اپنا سیاسی مستقبل پاکستان یا ہندوستان کے ساتھ وابستہ کرسکتے ہیں لیکن ستر سال گزر جانے کے بعد آج  بھی اقوام متحدہ جیسی عالمی تنظیمیں بالکل خاموش تماشائی کا کردار  ادا کررہی ہیں۔ مقبوضہ وادی سمیت دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری پانچ جنوری کو ہر سال ’’یوم حق خود ارادیت‘‘ کے طور پر مناتے ہیں۔ دوسری جانب قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ کے علاقے ترال کا محاصرہ کرکے نام نہاد سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ کشمیری میڈیا کے مطابق پلوامہ میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی گئی۔