Saturday, April 20, 2024

مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر کے کشمیری آج یوم الحاق پاکستان منا رہے ہیں

مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر کے کشمیری آج یوم الحاق پاکستان منا رہے ہیں
July 20, 2019
 سرینگر (92 نیوز) لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب اور پوری دنیا میں بسنے والے کشمیری آج یوم الحاق پاکستان منا رہے ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت بھی تحریک آزادی کے جذبے کو کچل نہ سکی۔ انیس جولائی انیس سو سنتالیس ایک تاریخ ساز دن ہے جب مسلم کانفرنس کے رہنما محمد ابراہیم کی رہائشگاہ پر ایک کنونشن منعقد ہوا جس میں کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنانے کیلئے پیش کی گئی اور قرار متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ کشمیر کے ہندو ڈوگرا راج مہاراجہ ہری سنگھ کو مسلمانوں کا یہ فیصلہ ہضم نہ ہوا۔ اُس نے اکثریتی آبادی کی خواہش کے برعکس بھارت سے الحاق کا اعلان کر دیا۔ بھارت نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت سے محروم کر دیا۔ صرف یہی نہیں آزادی کے حق میں اٹھنے والی ہر آواز کو دبانے کیلئے طاقت کا بہیمانہ استعمال کیا۔ براہ راست فائرنگ بھی کی اور ممنوعہ پیلٹس بھی برسائیں۔ لاکھوں کشمیری آزادی کا نعرہ لگاتے جام شہادت نوش کر چکے ہیں یا زندگی بھر کیلئے معذور ہو چکے ہیں لیکن مقبوضہ وادی میں آج بھی کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے گونجتا ہے اور سبز ہلالی پرچم بھی لہرایا جاتا ہے۔ دنیا بھر کے کشمیری آج کے روز یوم الحاق پاکستان مناتے ہیں جس میں اِس عہد کی تجدید کی جاتی ہے کہ ظلم کے ہر حربے کو ناکام بنا کر بھارت کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔