Friday, April 19, 2024

مقبوضہ کشمیر : تازہ کارروائی میں ایک اور کشمیری شہید‘ اضافی بھارتی فورس بھی تعینات

مقبوضہ کشمیر : تازہ کارروائی میں ایک اور کشمیری شہید‘ اضافی بھارتی فورس بھی تعینات
August 24, 2016
سرینگر (92نیوز) مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے نافذ کرفیو کا آج سینتالیسواں روز ہے۔ بھارتی فوج کی کارروائی میں آج ایک اور بیگناہ کشمیری دم توڑ گیا جس سے آزادی کی جنگ میں شہید ہونے والوں کی تعداد 80 سے تجاوز کر گئی ہے۔ دوسری جانب بھارت نے نہتے کشمیریوں پر مزید مظالم ڈھانے کیلئے پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی 77 اضافی کمپنیاں تعینات کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیریوں کی ایک ہی پکار ہے ”بھارت سے آزادی اور آزادانہ ریفرنڈم“ مگر مودی حکومت ہے جو میں نہ مانوں کی رٹ پر قائم ہے۔ بھارتی حکومت نے کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو دبانے کے لیے پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی مزید ستتر اضافی کمپنیاں تعینات کردی ہیں۔ بھارتی فورسز کے ہاتھوں 8جولائی کو حریت پسند برہان وانی کی شہادت سے پہلے کشمیر میں سی آر پی ایف کے تقریباً 50 ہزار اہلکار تعینات تھے۔ برہان وانی کی شہادت کے بعد جاری احتجاجی تحریک کو دبانے کیلئے سی آر پی ایف کی مزید 77 کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔ شوپیاں‘ ضلع بارہمولہ‘ سوپور‘ زینہ گیر اور رفیع آباد میں کشمیریوں نے بھارتی ظلم کے خلاف احتجاج کیا۔ بھارتی فوج کی بربریت سے ایک کشمیری دم توڑ گیا۔ پیلٹ گنز‘ آنسو گیس کا نہتے کشمیریوں پر بدستور استعمال جاری ہے۔