Monday, September 16, 2024

مقبوضہ کشمیر ، بھارتی فورسز کی سفاکانہ کارروائیوں سے شہادتوں کی تعداد 21 ہو گئی

مقبوضہ کشمیر ، بھارتی فورسز کی سفاکانہ کارروائیوں سے شہادتوں کی تعداد 21 ہو گئی
April 2, 2018

 سرینگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی سفاکانہ کارروائیوں سے شہادتوں کی تعداد اکیس ہو گئی ۔ تین سو سے زائد افراد زخمی ہیں ۔

 مقبوضہ وادی میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا سلسلہ تھم نہ سکا ۔

 کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض فورسز نے ضلع اسلام آباد اور شوپیاں میں سرچ آپریشن کی آڑ میں متعدد کشمیری نوجوانوں کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا ۔

 اس دوران چار دیواری کا تقدس بھی پامال کیا گیا ۔

 شہدا کے نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

 بھارتی فورسز نے نماز جنازہ میں شریک افراد کو بھی نہ بخشا اور ممنوعہ پیلٹ گنز اور فائرنگ سے متعدد افراد کو زخمی کر دیا ۔

 دوسری طرف شوپیاں کے علاقے کچدورا میں حریت پسندوں کے حملے میں تین بھارتی فوج مارے گئے ۔

 کٹھ پتلی انتظامیہ نے شوپیاں اور ضلع اسلام آباد کا رابطہ دیگر علاقوں سے کاٹ دیا ہے جہاں ٹرین اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے ۔

 حریت رہنماؤں کی کال پر مقبوضہ وادی میں دو روزہ ہڑتال کا اعلان بھی  کیا گیا ہے ۔

 ادھر بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کےخلاف آوازیں اٹھنے لگیں ۔

 وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیرخارجہ خواجہ آصف نے بھارتی مظالم کی مذمت کی ہے۔

 خاتون حریت رہنما آسیہ اندرابی نے پاکستان سے یوم سیاہ کے اعلان کا مطالبہ بھی کر دیا ۔

 وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والی مظالم کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ظلم اور جبر سے حق خودارادیت کا جذبہ ختم نہیں کیا جا سکتا جبکہ وزیر خارجہ خواجہ آصف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی افواج نہتے کشمیریوں کا خون بہا رہی ہیں ۔ معصوم کشمیریوں کا خون دنیا کا ضمیر جھنجھوڑ رہا ہے ۔

 دوسری طرف وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کی جدوجہد اور جذبے کو سلام پیش کرتا ہے

 اور دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے کہا کہ آج کشمیر لہو لہو ہے ۔ لوگ ہر طرف لاشیں اٹھا رہے ہیں ۔ کشمیری مجاہدین بھارتی بربریت کا بے مثال مقابلہ کر رہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یوم سیاہ کا اعلان کرے ۔