Thursday, March 28, 2024

مقبوضہ کشمیر ، بھارتی فوج کا نام نہاد سرچ آپریشن، 8 نہتے کشمیری شہید

مقبوضہ کشمیر ، بھارتی فوج کا نام نہاد سرچ آپریشن، 8 نہتے کشمیری شہید
May 16, 2019
 سرینگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم جاری ہیں۔ پلواما اور بارہ مولا میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ سے8 نہتے کشمیری شہید ہو گئے۔ حرمت کے مہینے میں بھی مقبوضہ کشمیر کو لہو لہو کردیا گیا۔ الیکشن ڈرامہ فلاپ ہونے پر بھارتی فورسز آپے سے باہر ہو گئی اور سفاکانہ کارروائیاں تیز کر دیں۔ ضلع پلوامہ، شوپیاں میں نام نہاد آپریشن  کے دوران چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کردیا گیا ۔ نہتے نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔ اس دوران ایک گھر کو بھی بارودی مواد سے اڑایا گیا۔ بھارتی دہشت گردی کے خلاف درجنوں کشمیری احتجاج کرتے سڑکوں پر نکل آئے جنہیں منتشر کرنے کیلئے قابض فوج نے طاقت کا بہیمانہ استعمال کیا۔ ضلع ڈوڈہ کے علاقے بھدرواہ میں گاؤرکھشا کے نام پر خون کی ہولی کھیلی گئی۔ ہندو غنڈوں کے جتھے نے مویشی لے جانے والے پچاس سالہ شخص کو بےدردی سے قتل کر دیا۔ دوسری جانب ضلع بارہ مولا کا زخمی نوجوان سری نگر اسپتال میں چل بسا۔ تئیس سالہ ارشد ڈار بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوا تھا۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے احتجاج کو دبانے کیلئے ضلع ڈوڈہ، پلوامہ اور شوپیاں میں کرفیو نافذ کر دیا جہاں موبائل اورانٹرنیٹ سروس بھی بند ہے۔ حریت قیادت نے بھارتی مظالم کے خلاف جمعہ کو مکمل ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔