Friday, March 29, 2024

مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج نے سید علی گیلانی، یاسین ملک سمیت کئی حریت رہنماﺅں کو گرفتار کر لیا

مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج نے سید علی گیلانی، یاسین ملک سمیت کئی حریت رہنماﺅں کو گرفتار کر لیا
October 22, 2015
سرینگر (92نیوز) مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتظامیہ اور بھارتی فوج نے ظلم و بربریت کا نیا بازار گرم کر دیا۔ سید علی گیلانی، یاسین ملک سمیت کئی حریت رہنماﺅں کو گرفتار کر لیا گیا۔ محرم کے جلوس کے شرکاءپر لاٹھیاں برسائی گئیں، کئی زخمی شرکاءتھانوں میں بند کر دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتظامیہ نے حریت رہنماﺅں کی بلا جواز گرفتاریوں کے ساتھ ساتھ محرم کے جلوسوں پر بھی پابندی لگادی۔ حریت رہنما سید علی گیلانی نظر بندی توڑ کر جنونی ہندوﺅں کے ہاتھوں زندہ جلائے گئے زاہد رسول بھٹ کے لواحقین سے تعزیت کے لئے جانا چاہتے تھے۔ علی گیلانی جونہی گھر سے باہر آئے بھارتی پولیس نے انکا گھیراﺅ کرکے حراست میں لے لیا۔ ان کے ساتھ بشیر چوہدری، عمر ڈار اور الطاف احمد کو بھی گرفتار کرکے تھانے منتقل کر دیا گیا۔ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ یاسین ملک گزشتہ روز احتجاجی مظا ہرے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کے لئے ہسپتال گئے تو انہیں بھی ساتھیوں سمیت حراست میں لے لیا گیا۔ دوسری طرف محرم کے جلوسوں پر پابندی لگا کر بٹہ مالو سے نکلنے والے جلوس کے شرکاءپر لاٹھی چارج کیا گیا اور تحریک وحدت اسلامی کے سربراہ نثار حسین، سید امتیاز حیدر سمیت کئی شرکاءکو بٹہ مالو تھانے میں بند کر دیا گیا۔