Tuesday, April 23, 2024

مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی فرضی جھڑپ میں 2کشمیری جوان شہید

مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی فرضی جھڑپ میں 2کشمیری جوان شہید
March 6, 2017

سرینگر (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی فوجی ذہنی تناؤ کا شکار ہونے لگے۔ پونچھ سیکٹر میں افسروں کے ناروا رویے سے تنگ ایک اور بھارتی فوجی نے گولی مار خودکشی کرلی۔ ادھر ترال میں قابض فورسز نے ایک فرضی جھڑپ میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے فرضی جھڑپوں میں بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ترال کے علاقے میں دو مزید نوجوان بھارتی درندگی کی بھینٹ چڑھ گئے۔ بھارتی فوج کے دعوے کے مطابق ترال میں پانچ حریت پسندوں نے ایک گھرمیں پناہ لی جن کی گرفتاری کیلئے آپریشن کیا گیا۔

فائرنگ کے تبادلے میں دو نوجوان شہید اور تین فرار ہوگئے۔ بھارتی فوج کے دعوے کے مطابق شہید نوجوان عاقب احمد شہید حریت پسند برہان وانی کا قریبی ساتھی تھا۔ بھارتی فوج نے جھڑپ میں ایک سکیورٹی اہلکار کی ہلاکت اور تین کے زخمی ہونے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیرمیں تعینات بھارتی فوجیوں میں اپنے افسروں کے رویے کیخلاف انتہائی اقدامات اٹھانے کا سلسلہ بھی جاری ہے جہاں پونچھ میں تعینات بھارتی فوجی روشن سنگھ نے اپنی سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق کئی ماہ سے چھٹی نہ ملنے کی وجہ سے روشن سنگھ شدید ذہنی دبائو کا شکار تھا۔