Thursday, March 28, 2024

مقبوضہ کشمیر : انڈین کرفیو کا 78واں روز‘ وادی میں خوراک کی شدید قلت

مقبوضہ کشمیر : انڈین کرفیو کا 78واں روز‘ وادی میں خوراک کی شدید قلت
September 24, 2016
سرینگر (92نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی اٹھہترویں روز میں داخل ہو گئی۔ مقبوضہ وادی میں بدستور کرفیو نافذ‘ ادویات اور خوراک کی شدید قلت پیدا ہو گئی۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے وسیم کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی دہشت گردی اٹھہترویں روز میں داخل ہو گئی۔ اب تک شہید کشمیریوں کی تعداد ایک سو آٹھ ہوگئی جبکہ پندرہ ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔ کرفیو کی سختیوں کے باوجود روزانہ نہتے کشمیری بھارتی مظالم کے خلاف گھروں سے نکلتے ہیں جس پر بھارتی فوجی بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آنسو گیس اور پیلٹ گنز سے فائر کرتے ہیں۔ جولائی میں برہان وانی کی شہادت کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں حالات کشیدہ ہیں۔ بھارتی فوج کے تشدد سے اب تک زخمی کشمیریوں کی تعداد پندرہ ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ دوسری جانب انڈیا نے حریت قیادت کو بدستور نظربند کر رکھا ہے۔ گزشتہ روز بارہ مولا میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوان وسیم کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ کرفیو کے باوجود لاکھوں کشمیری افراد نے نماز جنازہ میں شرکت کی اور پاکستانی پرچم لہراتے رہے۔