Friday, March 29, 2024

مقبوضہ کشمیر :50 ویں روز بھی کرفیو نافذ رہا، فورسز کی بربریت  سے ہلاکتوں کی تعداد 88 ہوگئی

مقبوضہ کشمیر :50 ویں روز بھی کرفیو نافذ رہا، فورسز کی بربریت  سے ہلاکتوں کی تعداد 88 ہوگئی
August 27, 2016
سرینگر(92نیوز)مقبوضہ کشمیر میں پچاس ویں روز بھی کرفیو نافذ رہا بھارتی فورسز کی کارروائیوں میں درجنوں کشمیری زخمی ہو گئے  پچاس روز میں شہید ہونے والوں کی تعداد اٹھاسی  تک پہنچ گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد آٹھ ہزار سے تجاوز کرگئی ۔ تفصیلات کےمطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے  نہتے کشمیریوں پر مظالم میں کمی  آئی نہ عالمی برادری نے بھارتی سفاکیت کا نوٹس لیا ۔ باندی پورہ ، کلگام ،، پتن  اور سری نگر کے  متعدد علاقوں میں بھارتی فورسز نے نہتے مظاہرین پر آنسو گیس اور پیلٹ گنز کا استعمال کیا جس سے سیکڑوں نہتے کشمیری زخمی ہوگئے۔ شوپیاں میں سیکڑوں خواتین نے پاکستانی پرچم لہرائے اور قائد اعظم محمد علی جناح کی تصویر بھی آوایزاں کیے رکھی خواتین آزادی کی حق میں نعرے بازی کرتی رہیں ۔ بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کو ایک بار پھر حراست میں لے لیا گیا  جبکہ سنگم کے علاقے میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے نوجوان کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور آزادی کے حق میں نعرے لگاتے رہے ۔ ہزاروں زخمی کشمیری علاج معالجے کی سہولیات سے محروم ہیں جبکہ کرفیو کے باعث لوگوں کو اشیائے خوردونوش کی شدید قلت کا سامنا ہے متعدد علاقوں میں نظام زندگی  مکمل مفلوج ہے۔