Sunday, May 5, 2024

مقبوضہ وادی کا خصوصی اسٹیٹس ختم کرنے کےخلاف میرپور ، کوٹلی میں ریلیاں

مقبوضہ وادی کا خصوصی اسٹیٹس ختم کرنے کےخلاف میرپور ، کوٹلی میں ریلیاں
August 6, 2019
 مظفرآباد (92 نیوز) مقبوضہ وادی کا خصوصی اسٹیٹس ختم کرنے کےخلاف آزاد کشمیر میں یوم سیاہ منایا گیا جبکہ مظفرآباد، میرپور اور کوٹلی میں ریلیاں نکالی گئیں۔ عوام نے شٹرڈاؤن اور پہیہ جام رکھا۔ خیبر سے کراچی تک ایک ہی نعرہ، کشمیر بنے گا پاکستان۔ ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں  کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے سیاسی و مذہبی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے افراد کی احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار  کیا گیا۔ پشاور زرعی یونیورسٹی میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی۔ ایبٹ آباد، سوات، نوشہرہ، مینگورہ اور دیربالا میں سیکڑوں افراد کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔ جنوبی وزیرستان، وانا، باجوڑ اور جمرود میں بھی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف ڈیرہ بگٹی میں سیاسی و سماجی شخصیات کے ساتھ ہندو اور سکھ برادری کے افراد بھی سڑکوں پر نکل آئے۔ کرک اور ڈی آئی خان کی فضا بھی کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھی۔ چترال  میں بھی عظیم الشان ریلی اور جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں وکلا اور تاجر برادری، سول سوسائٹی، اور پوری چترالی عوام  کشمیریوں پر بھارتی جارحیت کے خلاف گھروں سے نکل آئی۔ ملتان میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام  احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اوچ شریف ،  صادق آباد ، رینالہ خورد میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔ سکھر میں وکلا برادری نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کندھ کوٹ اور سندھ کے دیگر شہروں میں بھی نجی اسکول کے اساتذہ اور طلبہ سمیت جماعت اسلامی کے کارکنان نے ریلی نکالی۔ پاکستان کے حق اور کشمیریوں کی  حمایت میں نعرے لگائے گئے۔