Sunday, September 8, 2024

مقبوضہ وادی میں کرفیو کا 46واں روز ، عوام گھروں میں محصور

مقبوضہ وادی میں کرفیو کا 46واں روز ، عوام گھروں میں محصور
September 19, 2019
سرینگر ( 92 نیوز) مقبوضہ وادی میں آج کرفیو کا 46 واں روز ہے ، لاکھوں کشمیری بدستور بھارتی استعمار کے پنجوں میں پھنسے ہوئے ہیں، مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اینتونیو گوتریس بھی بول پڑے اور بھارت سے کشمیریوں کے انسانی حقوق کے احترام کا مطالبہ کر دیا۔ مقبوضہ وادی  میں بھارتی مظالم سے انسانیت بھی شرمندہ ہو گئی ، مظلوم کشمیریوں کی زندگی جہنم بن کر رہ گئی ، بدستور لاکھوں کشمیری اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ ہر طرف بھارتی فوجوں اور  بندوقوں کا راج ہے۔ مسلسل لاک ڈاؤن نے کشمیری معیشت کو اربوں کا نقصان پہنچایا ہے ،  مارکیٹیں اور کاروباری مراکز بند پڑے ہیں۔ سکولوں کے بند رہنے سے بچوں کا تعلیمی مستقبل خطرے میں پر گیا ہے۔وادی کے دنیا سے کٹے ہونے کی وجہ سے لاکھوں لوگ اپنے پیاروں کی آواز سننے سے محروم ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اینتونیو گوتریس بھی بول پڑے ، اپنے بیان میں سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا مقبوضہ جموں و کشمیر میں چھ ہفتے سے بدترین لاک ڈاؤن ہے۔ سیکرٹری جنرل اینتونیو گوتریس کا کہنا تھا مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان، بھارت مذاکرات ناگزیر ہیں اگر فریقین چاہیں تو مسئلہ کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کو تیار ہیں۔