Thursday, April 18, 2024

مقبوضہ وادی میں قابض بھارتی فورسز نے مزید تین سو افراد گرفتار کرکے آگرہ جیل منتقل کر دیئے

مقبوضہ وادی میں قابض بھارتی فورسز نے مزید تین سو افراد گرفتار کرکے آگرہ جیل منتقل کر دیئے
August 9, 2019
 سرینگر (92 نیوز) مقبوضہ وادی میں پانچویں روز بھی کرفیو کے باوجود ہزاروں شہری سڑکوں پر نکل آئے ۔ قابض بھارتی فورسز نے وادی کو قید خانہ بنا ڈالا ۔ مزید تین سو افراد گرفتار کرکے خصوصی طیارے پر آگرہ جیل منتقل کر دیئے۔ مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی غاصبانہ کارروائیاں جاری ہی۔ مقبوضہ وادی کو قید خانہ بنے پانچ روز ہو گئے۔ ہر شہری گھر میں محصور ہے۔ اگر کوئی نظر آتا ہے تو وہ ہیں بھارتی فوجی جو چپے چپے پر منڈلاتے پھر رہے ہیں۔ مسلسل کرفیو کی وجہ سے وادی میں کھانے پینے کی اشیا کی شدید قلت ہوگئی۔ بیماروں کو ادویات میسر ہیں نہ بچوں کو دودھ۔ بھارتی فورسز احتجاج کو دبانے کیلئے چھ سو سے زائد سیاسی اور سماجی رہنما اور کارکنوں کو حراست میں لے چکی ہے جن میں سے تیس قیدیوں کو خصوصی طیارے کے ذریعے آگرہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ مقبوضہ وادی میں ٹیلی فون، موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی بند ہے۔ بھارتی نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر نے اپنے فوجی اہلکاروں کو رابطے کیلئے مزید تین سو موبائل فون دینے کا حکم دیا ہے۔