Friday, April 26, 2024

مقبوضہ وادی میں  بھارتی مظالم کیخلاف دنیا بھر میں احتجاجی  مظاہرے

مقبوضہ وادی میں  بھارتی مظالم کیخلاف دنیا بھر میں احتجاجی  مظاہرے
August 11, 2019
اسلام آباد( 92 نیوز)  مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کے خلاف دنیا سراپا احتجاج ہے ۔ واشنگٹن، نیویارک، روس اور برطانیہ میں احتجاجی مظاہرے اور اجلاس منعقد کیے گئے جن میں  بھارتی اقدامات کی شدید مذمت کی گئی ۔ مقبوضہ وادی  میں  بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کیلئے امریکا میں مقیم مسلمانوں نے وائٹ ہاؤس کے باہرمظاہرہ کیا، مظاہرے میں واشنگٹن، ورجینیا ، میری لینڈ سمیت کئی ریاستوں سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ شرکا کا کہنا تھا کہ بھارت کومقبوضہ کشمیر سے واپس جانا پڑے گا، وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے اور کشمیریوں کوحق خود ارادیت دیا جائے۔ نیویارک کے دل ٹائمز اسکوائر  مین ہیٹن میں مظاہرہ کیا گیا جس میں امریکا کی دیگر ریاستوں سے بھی پاکستانی سمیت دیگر کیمونٹیز کے علاوہ خواتین اور بچے شریک ہوئے ۔امریکا اور اقوام متحدہ سے کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ دنیا بھر کی طرح روس میں مقیم پاکستانیوں میں بھی مقبوضہ کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کرنے  پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ، مودی حکومت کے غاصبانہ اقدام کیخلاف ماسکو میں پاکستان کمیونٹی کا اجتماع ہوا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ  بھارت کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کیلئے امت مسلمہ کو متحدہونا ہوگا۔ برطانیہ کے شہر برسٹل میں  مقیم پاکستانی سیاسی و سماجی رہنماؤں کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا، شرکا  نے بھارتی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے  کہا  انسانیت پر یقین رکھنے والا ہر شخص کو  کشمیر میں ہونے والے مظالم  کیخلاف آواز بلند کرنی چاہیے ۔