Friday, April 26, 2024

مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کو 72سال بیت گئے

مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کو 72سال بیت گئے
October 27, 2019
سرینگر (92 نیوز) مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کو 72 سال ہوگئے،بھارت نے27 اکتوبر 1947 کو جموں وکشمیرمیں اپنی فوجیں داخل کرکے قبضہ کیا تھا،دنیا بھر میں کشمیری آج کشمیر پر غاصبانہ بھارتی قبضے کیخلاف  یوم سیاہ منا رہے ہیں، حریت رہنما سید علی گیلانی کی پکار پرسری نگر کے لال چوک کی جانب مارچ ہوگا،جہاں مظاہرین دھرنا دیں گے۔ جنت نظیر وادی پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کو 72 سال ہو گئے، بھارتی فورسز نے اب تک  ہزاروں کشمیریوں کو  شہیدکر ڈالا ہے ۔ مقبوضہ وادی میں حریت رہنما سید علی گیلانی کی پکار پر آج یوم سیاہ کے دن ہزاروں کشمیری سری نگر کے لال چوک کی جانب مارچ کر رہے ہیں جہاں مظاہرین دھرنا دیں گے۔ کشمیریوں کے مارچ سے خوف زدہ مودی حکومت نے پابندیوں کو مزید سخت کر دیا ہے اور فوجیوں کی تعداد بڑھا دی ہے۔ دوسری جانب مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل کرفیو اور پابندیوں کو 84 روز ہو گے ہیں۔ جنت نظیر وادی کو بھارت نے دنیا کا سب سے بڑا جیل خانہ بنا ڈالا ہے۔ مقبوضہ وادی کےچپہ چپہ پر بھارتی فوجی تعینات ہیں۔ ہزاروں لوگ قید خانوں میں بند پڑے ہیں۔  مواصلاتی بندش نے بھی لوگوں کی زندگیاں جہنم بنا دی ہیں۔ مقبوضہ وادی میں انسانی بحران بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ سردیوں کی آمد آمدہے اور لوگوں کے پاس راشن ختم ہو چکا ہے۔ جان بچانے والی ادویات بھی ختم ہو چکی ہیں۔