Friday, March 29, 2024

مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم میں اضافہ خطرناک ہے، ترجمان دفترخارجہ

مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم میں اضافہ خطرناک ہے، ترجمان دفترخارجہ
November 4, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار کا ہفتہ وار بریفنگ میں کہنا ہے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم میں اضافہ خطرناک ہے۔

ترجمان عاصم افتخار نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا، کشمیری طلباء کو پاک بھارت میچ کے بعد دھمکیوں، مقدمات کا سامنا ہے۔ کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں بھارتی بربریت میں ایک ماہ کے دوران 22 کشمیری شہید کردیئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں پرمظالم میں اضافہ بھارتی فاشسٹ پالیسی کا عکاس ہے، کابل میں ہولناک دہشت گردی پر دکھ ہے۔ بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں 9 لاکھ فوج کی موجودگی نے اسے دنیا کا بڑا ملٹرائزڈ زون بنا دیا ہے۔ بھارت کی مقبوضہ جموں و کشمیر سے شارجہ کی پروازوں کو مسترد کرتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ کرتار پور راہداری پر موقف واضح، جاری رکھنے کو تیار ہیں، پاکستان سے راہداری فعال، دوسرے فریق نے اسے بند کر رکھا ہے۔

عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان نے موسمیاتی تغیر کانفرنس میں مثبت کردار ادا کیا، ایف اے ٹی ایف کو چند ممالک سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں، پاکستان نے بارہا اس بارے میں اظہار کیا، ہم اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ پاکستان کی کارگردگی کا ایف اے ٹی ایف رکن ممالک نے اعتراف کیا۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا افغانستان میں امن و استحکام چاہتے ہیں۔ایسے کسی اقدام کی حوصلہ افزائی نہیں کرتے جس سے خطے میں تناؤ بڑھے۔ افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کے ساتھ سخت سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ چئیرمین سی پیک کے سی پیک سے متعلق بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔

عاصم افتخار مزید بولے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹی 20 چیمپئن شپ میں سپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کیا۔ بھارت میں کرکٹ بارے خصوصاً پاکستان سے ہارنے کے بعد رویہ قابل مذمت ہے۔