Wednesday, April 24, 2024

مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کیخلاف ووٹنگ آج ہو گی

مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کیخلاف ووٹنگ آج ہو گی
December 21, 2017

نیو یارک (92 نیوز) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کیے جانے کیخلاف ووٹنگ آج ہو گی۔
مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت کرنے کے معاملے پر قرار داد آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کی جائے گی جس میں امریکا سے متنازعہ فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن قرار داد کے حق میں ووٹ دینے والے ممالک کی امداد میں کٹوتی کی جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ یہ ممالک لاکھوں اور کروڑوں ڈالرز امداد لیتے ہیں اور پھر امریکا کیخلاف ووٹ دیتے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے ان ووٹوں پر نظر رکھی ہوئی ہے۔ انہیں ووٹ دینے دیں کیونکہ اس سے امریکا کی بچت ہو گی۔
دوسری جانب متنازعہ فیصلے کیخلاف غزہ اور مغربی کنارے میں مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
قلندیہ میں چیک پوائنٹ پر احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں پانچ ہزار سے زائد افراد شریک ہوئے۔ اس دوران مظاہرین اور اسرائیلی فورسز کے درمیان جھڑپ ہوئی۔
فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔
اسی طرح بیتھلیم، جیریکو ہیبرون اور نابلوس میں بھی شدید جھڑپیں ہوئیں۔