Friday, April 26, 2024

مقبوضہ بیت المقدس پر امریکی بیان کیخلاف دنیا بھر میں احتجاج جاری

مقبوضہ بیت المقدس پر امریکی بیان کیخلاف دنیا بھر میں احتجاج جاری
December 11, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) امریکا کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کیے جانے کے اعلان کیخلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ فرانسیسی صدر ایمینوئل میکرون نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کے دوران امریکی اقدام کی مخالفت کردی ۔ ادھر معاملے پر روسی صدر ولادی میرپیوٹن آج ترکی کا دورہ کریں گے۔
روسی صدر ولامیر پیٹون ترکی کا اہم دورہ کررہے جہاں وہ ہم نصوب رجب طیب اردگان سے ملاقات میں مقبوضہ بیت المقدس کی حالیہ تیزی سے بدلتی صورتحال اور شام کے معاملے پر بات چیت کریں گے ۔


ادھر فرانسیسی صدر ایمینوئل میکرون اور اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے درمیان پیرس میں ملاقات ہوئی ۔
مشترکہ پریس کانفرنس میں میکرون کا کہنا تھا کہ انہوں نے نیتن یاہو کو بتایا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس پر ٹرمپ کا فیصلہ خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے اور ہم اس کے خلاف ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم نے دھمکی آمیز رویہ اپنا تے ہوئے کہا کہ جلد یا بدیر فلسطینی بھی اس حقیقت کو تسلیم کرلیں گے کہ بیت المقدس اسرائیل کا دارالحکومت ہے اور دنیا میں امن ہوجائے گا ۔


دوسری جانب متنازعہ فیصلے کیخلاف مسلم ممالک میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے ۔ مراکش کے دارالحکومت رباط می ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور ٹرمپ اور اسرائیل کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔
اسی طرح ترکی کے شہر استنبول میں بھی امریکا مخالف ریلی نکالی گئی جس میں مظاہرین نے امریکی پرچم اور ٹرمپ کا پتلا نذر آتش کردیاْ۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کے اس اقدام کیخلاف امت مسلم متحد ہوجائے ۔