Thursday, April 18, 2024

مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق امریکی اعلان کے بعد صورتحال کشیدہ

مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق امریکی اعلان کے بعد صورتحال کشیدہ
December 10, 2017

غزہ ( 92 نیوز ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق اعلان کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کشیدہ ہونے لگی ۔ لبنان میں امریکی سفارتخانے کے باہر پولیس اور مظاہرین میں شدید جھڑپ میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔ عرب لیگ نے امریکی اقدام مسترد کرتے ہوئے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔
لبنانی دارالحکومت بیروت میں فلسطینی مہاجرین سمیت ہزاروں افراد امریکی سفارتخانے کے باہر جمع ہوگئے اور امریکی فیصلے کیخلاف شدید احتجاج کیا۔۔اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری موجود تھی جنہوں نے سفارت خانے کے داخلی دروازے کو بلاک کردیا۔


مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے واٹر کینن کا استعمال اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی جس سے متعدد مظاہرین کی حالت غیر ہوگئی ۔ اس دوران امریکی فیصلہ کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی ۔
اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ کے متنازعہ اعلان کے بعد عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس مصری دارالحکومت قاہرہ میں ہوا ۔


عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیث نے اپنے بیان میں کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس پر ڈونلڈ ٹرمپ کا اعلان خطرناک اور ناقابل قبول ہے ۔ توقع ہے عالمی برادری ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کو تسلیم نہیں کرے گی ۔
عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ٹرمپ کا اعلان اسرائیل فلسطین تنازع کے حل پر ایک سنگین حملہ ہے ۔ یہ اعلان عالمی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔