Thursday, May 9, 2024

مقبوضہ بیت المقدس، اسرائیلی فوج کی تازہ کارروائیوں میں بچوں سمیت متعدد فلسطینی زخمی

مقبوضہ بیت المقدس، اسرائیلی فوج کی تازہ کارروائیوں میں بچوں سمیت متعدد فلسطینی زخمی
May 10, 2021

یروشلم (92 نیوز) ماہ مقدس میں مقبوضہ بیت المقدس میں کشیدگی جاری ہے، رمضان کے بابرکت مہینے میں اسرائیلی فوج کا مظلوم فلسطینیوں پر ظلم و ستم روز پکڑ گیا، تشدد کی تازہ کارروائیوں میں بچوں سمیت متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔

صیہونی فورسز نے مسجد کے تقدس کا بھی خیال نہ رکھا، قبل اول مسجدِ اقصیٰ میں عبادت کرنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی فورسز نے اسٹن گرینیڈ اور ربڑ کی گولیوں سے فائرنگ کی، بچوں سمیت متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔ صہیونی فورسز نے کئی بےگناہ فلسطینیوں کو حراست میں بھی لے لیا۔

سیکڑوں ترک شہریوں نے استنبول میں اسرائیلی قونصلیٹ کے باہر احتجاج کیا، مظاہرین نے مظلوم فلسطینی بہن بھائیوں کیساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا، صہیونی ریاست کیخلاف شدید نعرے بازی، ظلم و ستم بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

اِدھرفلسطینی لڑکی مریم العفیفی کی مسکراہٹ نے اسرائیلی فورسز کی بربریت کو شکست سے دوچار کر دیا، احتجاج کے دوران گرفتار ہونے والی مریم العفیفی کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا تو وہ مسکراتی رہی، مسکراتی مریم کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہو رہی ہے۔

مسجد اقصیٰ کے اطراف میں فلسطینیوں پر تشدد کا سلسلہ 2017 سے جاری ہے، رمضان جیسے مقدس مہینے میں مسلمانوں کو عبادات سے روکا جاتا ہے اور مسجدِ اقصیٰ کی طرف جانے والے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دی جاتی ہیں۔