Monday, May 6, 2024

مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کا 139 واں یوم ولادت آج منایا جا رہا ہے

مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کا 139 واں یوم ولادت آج منایا جا رہا ہے
November 9, 2016
لاہور (92نیوز) حکیم الامت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 139واں یوم ولادت آج ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں ملک بھر میں مختلف تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب بھی منعقد ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق عظیم مفکر علامہ اقبال 9نومبر 1877ءکو سیالکوٹ کے محلہ چوڑی گراں میں پیداہوئے۔ سیالکوٹ شہر کے درمیان میں واقع محلہ چوڑی گراں دودروازہ روڈ میں برلب سڑک دو منزلہ عمارت قائم ہے۔ برطانوی طرز تعمیرکی اس عمارت کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ 9نومبر 1877ءکو مشرق کے عظیم فلسفی شاعر علامہ اقبال نے اسی عمارت میں جنم لیا۔ مفکر پاکستان کی جائے پیدائش کو اب اقبال منزل کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اقبال منزل میں 9 کمرے‘ مہمان خانہ‘ علامہ اقبال کی نایاب کتب‘ تصاویر اور انکے زیراستعمال رہنے والی اشیاءجن میں پلنگ‘ حقہ‘ کھانے کی میز اور کرسی عمارت کے حسن کو مزید بڑھا رہے ہیں۔ اقبال منزل میں روزانہ سینکڑوں افراد مطالعہ کی غرض سے آتے ہیں اور روحانی سکون حاصل کرتے ہیں۔ مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ اقبال کی جائے پیدائش اقبال منزل آنے والی نسلوں کو علامہ اقبال کے افکارو نظریات سے روشناس کرانے کا بہترین ذریعہ ہے۔