Thursday, March 28, 2024

مفتی منیب الرحمٰن نے فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کر دیا

مفتی منیب الرحمٰن نے فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کر دیا
October 28, 2020
 کراچی (92 نیوز) مفتی منیب الرحمان نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعات کے معاملے پر حکومت سے فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے اور پاکستانی سفیر کو فرانس سے واپس بلانے کا مطالبہ کر دیا۔ جامعہ نعیمیہ میں علماء کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمان نے کہا او آئی سی مردہ ہو چکی ہے مگر حکومت پاکستان کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ حکومتوں کا کام صرف مذمتی قراردادیں پاس کرنا نہیں  عملی اقدامات کرنا ہوتا ہے۔ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے مطالبہ کیا پاکستان میں دینی مقدّسات کی توہین کے مقدّمات براہِ راست فیڈرل شریعت کورٹ میں ٹرائل کیے جائیں اور جمعۃ المبارک کو میلاد النبیﷺ کے تمام جلوس ’’تحفظِ ناموسِ رسالت‘‘ کے عنوان سے نکالے جائیں۔ مفتی منیب نے میڈیا سے بھی اپیل کی کہ وہ پاکستانی مارکیٹوں میں موجود فرانسیسی مصنوعات کی فہرست کی تشہیر اور بائیکاٹ کی اپیل کرے ۔