Friday, April 26, 2024

مفتی فاروق القادری کا الیکشن کمیشن سے رانا ثناءاللہ کی نااہلی کا مطالبہ

مفتی فاروق القادری کا الیکشن کمیشن سے رانا ثناءاللہ کی نااہلی کا مطالبہ
July 14, 2018
لاہور (92 نیوز) سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کی بدحواسیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پہلے نوازشریف کے استقبال کو حج سے بڑا کام قرار دے دیا، تو بعد میں سزا یافتہ شخص کو اولیائے کرام سے ملا دیا جس سے مذہبی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور الیکشن کمیشن سے رانا ثناءاللہ کی نااہلی کا مطالبہ کردیا۔ پنجاب کے سابق وزیرقانون رانا ثناءاللہ نے مجرم نوازشریف کی چاپلوسی میں تمام حدیں پار کردیں۔ اپنے قائد کی نظر میں مقام بناتے بناتے اسلامی اقدار کو بھی بھول گئے اور کہا نوازشریف کا استقبال حج سے بھی بڑا کام ہے۔ رانا ثناءاللہ کی جہالت پر مذہبی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ مفتی فاروق القادری نے الیکشن کمیشن سے رانا ثناءاللہ کو فوری طور پر نااہل قرار دینے کا مطالبہ کر دیا۔ جامعہ  بنوریہ کے مہتم  مفتی نعیم نے اسلام کے رکن حج کے بارے میں رانا ثناء اللہ کے بیان کو ناقابل معافی جرم قرار دیا۔ مذہبی حلقوں کی جانب سے ردعمل آنے پر رانا ثناءاللہ حواس ہی کھو بیٹھے اور اپنی حماقت پر پردہ ڈالتے ڈالتے حضرت سلطان باہوؒ کے شعر کا حوالہ دے کر سزا یافتہ نوازشریف کو اولیائے کرام سے ملا دیا۔ رانا ثناءاللہ کی جہالت اور بدحواسی کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں۔ اس سے قبل بھی وہ قادیانیوں کے بارے میں متنازع بیان دے چکے ہیں۔ کبھی قادیانیوں کے لئے نرم گوشہ تو کبھی شعائر اسلام کا مذاق رانا ثناءاللہ کی جاہلانہ سوچ اور چاپلوس طبع کا عکاس ہے۔ ایسے لوگوں کی اقتدار کے ایوانوں میں موجودگی کسی خطرے سے کم نہیں۔