Wednesday, May 8, 2024

مفتی عبداللہ پر حملے کی تفتیش میں اہم پیشرفت، ایس ایچ او کراچی پورٹ ٹرسٹ بھی شامل تفتیش

مفتی عبداللہ پر حملے کی تفتیش میں اہم پیشرفت، ایس ایچ او کراچی پورٹ ٹرسٹ بھی شامل تفتیش
November 2, 2020

کراچی (92 نیوز)کراچی میں مفتی عبداللہ پر حملے کی تفتیش میں اہم پیشرفت ہوئی ہے ، سی ٹی ڈی نے ایس ایچ او کراچی پورٹ ٹرسٹ ظفر کوبھی تفتیش میں شامل کرلیا ہےجبکہ اسلحہ کا ریکارڈ فرانزک لیب میں موجود ریکارڈ سے میچ نہیں کرسکا۔

کراچی کے علاقے جمشید کوارٹر میں مفتی عبداللہ پر فائرنگ کے واقعے میں  حملہ آور سے برآمد ہونے والی پستول کی فرانزک رپورٹ موصول ہوگئی  ، ملزم کے اسلحے کا ریکارڈ فرانزک لیبارٹری میں موجود نہیں  اور نہ ہی پہلے کسی ٹارگٹ کلنگ کے واقعے میں استعمال کیا گیا ۔

تفتیشی حکام نے حملہ آور کے موبائل فون کا ڈیٹا حاصل کرلیا جس میں ایس ایچ او کراچی پورٹ ٹرسٹ ظفر کا موبائل نمبر بھی ملا ہے اور حملہ سے کچھ دیر پہلے ہی گرفتار ملزم نے ایس ایچ او سے موبائل پر بات بھی کی تھی، جس کے بعد پولیس افسر کو بھی تفتیش میں شامل کرلیا گیا ۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے مقدمے کا اندراج انسداد دہشتگردی اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت  کیا جائے گا ،مفتی عبداللہ کو 31 اکتوبر کی رات جمشید کوارٹر میں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا ، اور فرار ہونے کی کوششکے دوران شہریوں نے حملہ آور کو پکڑلیا تھا ۔