Thursday, April 25, 2024

مفتاح اسماعیل ، انوشہ رحمان ، لیلی خان اور طارق فضل چوہدری کل وقتی وزیر بن گئے

مفتاح اسماعیل ، انوشہ رحمان ، لیلی خان اور طارق فضل چوہدری کل وقتی وزیر بن گئے
April 27, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) حکومت ایک ماہ اور تین دن کی مہمان رہ گئی مگر نوازنے کا سلسلہ جاری ہے۔ مفتاح اسماعیل ، انوشہ رحمان ، لیلی خان  اور طارق فضل چوہدری کل وقتی وزیر بن گئے ۔ مفتاح اسماعیل کو ہی لیجئے ، موصوف  مشیر خزانہ سے وزیر خزانہ بن گئے ہیں ، نہ تو مفتاح اسماعیل سینیٹر ہیں اور نہ ہی قومی اسمبلی کے رکن  مگر کیا کہنے حکومت کہ خصوصی اختیارات کا استعمال ہوا اور ایک ماہ کے لئے  وزیربن گئے ۔ مریم اورنگزیب کی قسمت کا ستارہ بھی جگمگایا ۔ سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بنانا  کام آ گیا ۔۔ اب کل وقت وزیر ہیں ۔ انوشہ رحمان کو بھی وفاداری نبھانا راس آ گئی ۔ طویل پریس کانفرنسز اور سیاسی مخالفین پر تنقید  سے انوشہ رحمان کی قابلیت بھی سامنے آئی اور دیکھتے ہی دیکھتے وہ بھی وزیر کے عہدے پر فائز ہو گئیں ۔ طارق فضل چوہدری کی ن لیگ سے والہانہ محبت سے کون واقف نہیں ۔ پاناما کیس کے دوران سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بنے والے دستے میں یہ بھی شامل تھے ۔ خوب وفاداری نبھائی اور بالآخر کام بھی آیا اور وزیر بن گئے ۔ لیلی خان بھی اُن میں سے ایک ہیں جن کی قسمت  کا ستارہ ایک ماہ کے لئے جگمگایا ہے مگر خوب جگمگایا ہے ۔ لیلی خان بھی جاتے جاتے وزیر کے عہدے پر فائز ہو گئیں ۔