Thursday, April 18, 2024

مفتاح اسماعیل 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

مفتاح اسماعیل 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے
August 8, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) ایل این جی اسکینڈل کیس میں نیب نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو نیب عدالت اسلام آباد پیش کیا جہاں عدالت نے  ملزم کو 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔ ایل این جی ٹرمینل کیس میں  مفتاح اسماعیل اورشیخ عمران الحق کو نیب ٹیم نے احتساب عدالت  کے ڈیوٹی جج طاہرمحمود کے روبروپیش کیا۔دوران سماعت نیب ٹیم نے غلطی سے مفتاح اسماعیل کے 15 سالہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تو مفتاح اسماعیل نے حیرت کا اظہار کیا اور بولے 15 سال،نیب ٹیم نے تصحیح کرتے ہوئے کہا کہ 15 سال نہیں 15 دن ۔ جج نے مفتاح اسماعیل کے کارڈ آف اریسٹ  بارے پوچھا تو تفتیشی افسر نے بتایا کہ وارنٹ آف اریسٹ ہے،کارڈ آف اریسٹ نہیں ہوتا،16 جولائی کو وارنٹ جاری ہوئے اور گزشتہ روز گرفتار کیا۔ جج نے ریمارکس دئیے کہ وارنٹ آف اریسٹ سے کیسے پتہ چلے گا کہ کب گرفتار کرلیا گیا ، عدالت نے دونوں ملزمان کا پہلے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔ دس روز بعد اتوار کا دن آنے کی وجہ سے عدالت نے ریمانڈ ایک دن بڑھا کر11 روزہ کردیا اور مفتاح اسمایل اور شیخ عمران کو 19 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ احتساب عدالت سے روانگی کے وقت مفتاح اسماعیل کو احسن اقبال نے گلے لگا لیا ان کی تعریف اور وزیراعظم پرتنقید کی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے گزشتہ روز مفتاح اسماعیل اور شیخ عمران الحق کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کی تھی جس پر نیب نے دونوں کو کمرہ عدالت سے نکلتے ہی گرفتار کرلیا تھا۔