Saturday, May 18, 2024

شہبازشریف کا حکومت کیخلاف تحریک تیز کرنے کا اعلان

شہبازشریف کا حکومت کیخلاف تحریک تیز کرنے کا اعلان
November 1, 2021 ویب ڈیسک

ڈیرہ غازی خان (92 نیوز) شہبازشریف نے حکومت کے خلاف تحریک تیز کرنے کا اعلان کردیا۔ حکومت کو مزید کوئی اسپیس نہ دینے کا فیصلہ کرلیا۔ 

ڈی جی خان میں میڈیا سے گفتگو میں بولے عمران خان خود اور کابینہ کو این آر او دینے کے لیے نیب آرڈیننس لائے، 3 سال میں عوام بےحال ہوچکے، خوف آتا ہے آنے والی حکومت تباہ شدہ معیشت کو کیسے بحال کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا جلسہ کامیاب رہا، لانگ مارچ کا فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی، پارلیمان میں پیپلزپارٹی اور اے این پی ہمارے ساتھ ہیں۔ پی ڈی ایم پیپلزپارٹی بارے کوئی بھی فیصلہ کرے تو اعتراض نہیں۔

ن لیگی صدر نے کہا سیاست سنجیدہ شعبہ، کرکٹ میں لک بہت اہمیت رکھتی ہے، پی ٹی آئی نے ہر وعدے پر بے وفائی کی، آنے والے وقت میں حکومت کو کوئی سپیس نہیں دینگے، حکومت نے اپوزیشن کو دیوار سے لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

اُنہوں نے کہا نوازشریف ہمارے قائد ہیں، جب ڈاکٹر اجازت دینگے واپس آجائیں گے۔ مزید بولے کہ عمران خان نے اپنے آپ کو ترمیمی آرڈیننس سے این آر او دیدیا۔ کالعدم تنظیم کے دھرنے پر ہم نے سیاست نہیں کی۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہا جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے لئے ن لیگ نے بہت خدمت کی ہے، مظفر گڑھ میں ترکی کے تعاون سے اسپتال اور بہاولپور میں کارڈیک اسپتال بنایا جبکہ رحیم یار خان میں بابا فرید یونیورسٹی بنائی۔

شہباز شریف نے 92 نیوز کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا جنوبی پنجاب کے ارکان اسمبلی کی مشاورت سے منصوبے مکمل کئے،  جنوبی پنجاب کے ارکان اسمبلی کیساتھ مل کر کام کیا کوئی لوکاٹیں نہیں بیچیں۔ جنوبی پنجاب کو وسطی پنجاب کے ہم پلہ لے کر آئینگے۔

اُنہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی بچیوں کو چھٹی سے 10ویں تک وظیفہ دیا، بھٹوں کے 90 ہزار بچوں کو اسکول میں داخل کرایا۔ کہا کہ دانش اسکولز ایچی سن کے برابر ہیں، جنوبی پنجاب میں دانش اسکولز کا جال بچھایا، تبدیلی سرکار کا کیا کیا بتائیں۔

اپوزیشن رہنماء بولے کہ جنوبی پنجاب کے مسائل حل کرنے کے لئے شبانہ روز محنت کی، جنوبی پنجاب کے لئے تعلیم، صحت، پینے کا صاف پانی بڑا چیلنج تھا، ہماری حکومت ہوتی تو کروڑوں لوگوں کو صاف پانی مل چکا ہوتا، صاف پانی کی فراہمی سے بڑھ کر کوئی خدمت نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں سڑکوں کے جال بچھائے، بہاولپور میں سولر انرجی سے توانائی دی، جنوبی پنجاب کی خوشحالی دل سے عزیز ہے۔ مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے لئے 33 فیصد بجٹ رکھا۔

شہبازشریف نے کہا کہ اسپتالوں میں ادویات فری تھیں، دیہی علاقوں میں زچگی کیلئے مشینری لائے، نہروں کو پختہ کیا، ملازمتوں میں جنوبی پنجاب کو 33 فیصد کوٹہ دیا، ہم نے کسانوں کو 100 ارب روپے کے قرضے بھی دیئے۔