Monday, May 13, 2024

مغلپورہ میں گلے پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے 40 سالہ شخص جاں بحق

مغلپورہ میں گلے پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے 40 سالہ شخص جاں بحق
November 17, 2019
لاہور (92 نیوز) مغلپورہ میں گلے پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے 40 سالہ شخص جاں بحق ہو گیا۔ عامر گوجرپورہ کا رہائشی تھا اور صدر بازار جا رہا تھا۔ ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور کے علاقے مغلپورہ میں ڈور پھرنے سے شہری کے جاں بحق ہونے کا نوٹس لے لیا اور سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ پنجاب  نے غفلت کے ذمے داروں کیخلاف کارروائی کا حکم بھی دے دیا۔ دوسری طرف ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او مغل پورہ کو فوری طور پر معطل کر کے معاملے کی انکوائری کرنے کا حکم دے دیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا پتنگ بازی کے واقعات پر متعلقہ ایس ایچ او کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے خود بھی مختلف علاقوں میں پتنگ بازی ایکٹ پر پابندی کی چیکنگ کی اور کہا تمام ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز پتنگ ساز کارخانوں، فروخت کرنے اور اڑانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا پولیس افسران تعلیمی اداروں، گلی محلوں اور کمیونٹی  میں جا کر شہریوں کو پتنگ بازی کے جان لیوا نقصانات سے آگاہ کریں۔ شہری اپنی چھتوں کو پتنگ بازی کے جان لیوا کھیل کے لئے ہرگز استعمال نہ ہونے دیں۔ ایک چھت پر ہونی والی پتنگ بازی پڑوسی کے بچے کے لئے جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔ شہری اپنے بچوں اور خود کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں۔