Monday, May 13, 2024

مغربی ہواؤں کا سلسلہ پاکستان میں داخل ، ملک کے مختلف علاقوں میں بارش

مغربی ہواؤں کا سلسلہ پاکستان میں داخل ، ملک کے مختلف علاقوں میں بارش
January 30, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) مغربی ہواؤں کا سلسلہ  پاکستان میں داخل ہونے سے  ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے سردی کی شدت بڑھ گئی ۔ لاہور،ملتان ، کراچی  سمیت کئی شہروں میں بادلوں کا بسیرا  ہے ، محکمہ موسمیات نے مری،سوات،گلگت بلتستان سمیت بالائی علاقوں میں  برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔سکردو میں شدید سردی کا بیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، درجہ حرارت منفی  22تک گرگیا۔ کوئٹہ،ڈی آئی خان اور بھکر میں رم جھم برسی جب کہ لاہور میں گہرے بادلوں کا راج ہے اور کچھ علاقوں میں ہلکی بوندا باندی نے سردی کی شدت کو بڑھا دیا۔ آج  راولپنڈی، گوجرانوالہ،سرگودھا اور فیصل آبادڈویژن میں بارش کا امکان ہے، خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بادل برسیں گے۔ بارش کا یہ سلسلہ جمعہ تک جاری رہے گا، شہر قائد میں بھی بادلوں  نے ڈیرے ڈال لیے ہیں ۔ قلات،سبی،سکھر،لاڑکانہ،حیدرآباد،گلگت بلتستان  اور آزادکشمیر میں بارش ہوگی۔ ملتان ،ساہیوال،بہاولپور،ڈی جی خان میں بھی رم جھم کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے  مری،سوات،گلیات، چترال،کالام، مالم جبہ، اپردیر، ہزارہ،کوئٹہ ، گلگت بلتستان میں برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔