Friday, March 29, 2024

مغربی ممالک کے مطالبات کے باوجود روس کا یوکرائنی بحری جہازوں کو چھوڑنے سے انکار

مغربی ممالک کے مطالبات کے باوجود روس کا یوکرائنی بحری جہازوں کو چھوڑنے سے انکار
November 26, 2018
ماسکو (92 نیوز) یوکرین اور روس کے مابین کشیدگی بڑھنے لگی۔ مغربی ممالک کے مطالبات کے باوجود روس نے یوکرین کے بحری جہازوں کو چھوڑنے سے انکار کر دیا۔ روس نے مغربی ممالک کا مطالبہ ماننے سے بھی انکار کر دیا اور صاف الفاظ میں کہہ دیا کہ یوکرین کے بحری جہاز کو آزاد نہیں کرے گا جبکہ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو اور یورپی یونین نے اس معاملے پر فریقین سے صبر و تحمل سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔ تاہم اس اقدام سے پیدا ہونے والی تشویشناک صورتحال پر غور کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس جاری ہے۔ ادھرنیٹو سربراہ  جینز سٹولن برگ کا کہنا ہے کہ معاملات کو باریک بینی سے اور قریب سے دیکھ رہے ہیں۔ دوسری جانب جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے یوکرائن کے  صدر پیٹرو پوروشینکو سے ٹیلی فونک  گفتگو  کے دوران کہا  ہے کہ روس اور یوکرین  کے مابین جاری کشیدگی ختم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ادھر یوکرائنی صدر پیٹرو پوروشینکو نے  ملک میں مارشل لا لگانے کی  حمایت کر دی ہے۔ یوکرائنی صدر کے مطابق پارلیمانی منظوری کے نتیجے میں ساٹھ دن کے لیے مارشل لا کا نفاذ کیا جا سکتا ہے۔