Saturday, April 20, 2024

معیشت کا بیڑا غرق کرنے کیلئے گیس کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے ، مرتضیٰ وہاب

معیشت کا بیڑا غرق کرنے کیلئے گیس کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے ، مرتضیٰ وہاب
January 2, 2019
کراچی (92نیوز)پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان چیئرمینوں کی سطح سے شروع ہونے والی لفظی جنگ  میں پارٹی رہنما بھی کود پڑے ، پاکستان تحریک انصاف کے  رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے سندھ حکومت پر تنقید کی تو پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب  نے وفاق کو نشانے پر رکھ لیا۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ  معیشت کا بیڑا غرق کرنے کیلئے گیس کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، سندھ پاکستان کی 70 فیصد گیس پروڈیوس کرتا ہے، افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ آج سندھ کو گیس نہیں ملتی،سندھ کیلئے پانی کا مصنوعی مسئلہ کھڑا کیا گیا۔ مشیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کراچی کےمسائل میں سنجیدہ نہیں ، صرف باتوں تک محدود ہے ، جب کراچی کوسہولیات دینے کی بات ہو تو ضروریات پوری نہیں کرتے ، کراچی ہمارا اپنا شہرہے،سندھ حکومت جوکچھ ممکن ہوا کرےگی ۔ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھاکہ کراچی سرکلر ریلوے کےفنڈز کےلیے وفاق کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ،سندھ حکومت نے سرکلر ریلوے منصوبے کو سی پیک میں شامل کرایا ،دوسال سے وفاق نے کراچی سرکلر ریلوے پراپنا وعدہ پورا نہیں کیا ۔