Sunday, May 12, 2024

معیشت میں بہتری کے ساتھ محصولات میں مثبت اضافہ ہوا ، شوکت ترین

معیشت میں بہتری کے ساتھ محصولات میں مثبت اضافہ ہوا ، شوکت ترین
May 30, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے معیشت میں بہتری کے ساتھ محصولات میں مثبت اضافہ ہوا۔

وزیر خزانہ شوکت ترین نے معاشی ترقی پر اطمینان  کا اظہار کیا۔ وزیراعظم عمران خان  کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی۔ بجٹ ویبنار سے خطاب کرتے ہوئے شوکت ترین  نے کہا جب حکومت سنبھالی تو معیشت کو شدید بحران کا سامنا تھا۔ وزیراعظم نے معیشت کی بحالی کیلئے بڑے اور سخت فیصلے کیے۔ روپے کی قدر میں اضافے کے لیے ترجیحی اقدامات کیے گئے۔

وزیر خزانہ نے زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کو معاشی بہتری کا عکاس قرار دیا اور کہا اس سال ریکارڈ 4 ہزار ارب سے زائد ریوینیو جمع کیا گیا۔ ٹیکس دینے والوں پر مزید ٹیکس نہیں لگائے جائیں گے۔ ٹیکس چوروں کو جیلوں میں ڈالیں گے۔

وزیر خزانہ شوکت ترین نے مزید کہا ملک کی ترقی برآمدات بڑھانے سے ہی ہو سکتی ہے۔ گردشی قرضہ کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تعمیراتی شعبے سے منسلک 40 سے زائد صنعتوں کو بھی فعال بنایا گیا۔ کسان دوست پالیسیوں کے باعث زراعت کا شعبہ ترقی کی جانب گامزن ہے۔