Tuesday, April 23, 2024

معیشت شدید دباؤ میں ہے ، لوگوں کو ریلیف دینا ہو گا ، قمر زمان کائرہ

معیشت شدید دباؤ میں ہے ، لوگوں کو ریلیف دینا ہو گا ، قمر زمان کائرہ
July 26, 2019
 لاہور (92 نیوز) پیپلز پارٹی پنجاب کے وسطی صدر قمر الزمان کائرہ نے کہا معیشت شدید دباؤ میں ہے ۔ لوگوں کو ریلیف دینا ہو گا۔ پیپلز پارٹی ویمن ونگ پنجاب کی جانب سے لاہور میں سابق صدر آصف علی زرداری کی سالگرہ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ نے خصوصی شرکت کی ۔ کیک کاٹنے کی باقاعدہ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر الزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ سابقہ ادوار میں چئیرمین سینٹ کو ہٹانا حکومت کی غلطی تھی ۔ غلطیوں سے سیکھنا چاہئیے ۔ پیپلز پارٹی کی تحریک ہمیشہ سے سیاست میں اداروں کی مداخلت کی مخالفت کرتی رہی ہے ۔ قمر الزمان کائرہ نے حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کو ایک بار پھر آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا ہمارا مقدمہ قائدین کو ریلیف دلوانا نہیں بلکہ عوام کے سلب کردہ حقوق انہیں واپس دلوانا ہے ۔ حکومت عوام کو ان کا حق دے ورنہ گھر جائے۔ قمر الزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ لاہور کی طرح ملک بھر میں سابق صدر آصف علی زرداری کی سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ آصف علی زرداری جیل میں بیٹھ کر بھی ہماری طاقت ہیں اور ہماری رہنمائی کر رہے ہیں ۔