Monday, September 16, 2024

معیشت تباہ، سرمایہ کاری کم، مہنگائی اور بے روزگاری بڑھ گئی، پیپلزپارٹی

معیشت تباہ، سرمایہ کاری کم، مہنگائی اور بے روزگاری بڑھ گئی، پیپلزپارٹی
January 1, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) پیپلزپارٹی نے حکومت کی خراب کارکردگی پر وائٹ پیپر شائع کر دیا۔ معیشت تباہ، سرمایہ کاری کم، مہنگائی اور بے روزگاری بڑھ گئی۔

پیپلز پارٹی کے رہنماء نوید قمر، شازیہ مری اور فیصل کریم کنڈی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، شازیہ مری کہتی ہیں بیرونی سرمایہ کاری اکتیس فیصد کم ہوئی، مہنگائی ڈبل ڈیجٹ میں چلی گئی۔ عمران خان بھارت کی مثالیں دیتے نہیں تھکتے، وہاں بیرونی سرمایہ کاری ستائیس فیصد بڑھی۔

اُنہوں نے کہا کہ ملک کو مختلف بحرانوں کا سامنا ہے، حکومت بیان دیتی ہے کہ پاکستان سستا ترین ملک ہے۔ تحریک انصاف نے روزگار دینے کا وعدہ کرکے لوگوں کو بے روزگار کیا۔ کہا جا رہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر نہ لڑیں آپ ہار جائیں گے۔

نوید قمر نے کہا حکومت کی طرف سے یہ جھوٹ بولا جا رہا ہے کہ مہنگائی نہیں ہو گی، حکومت نے عوام دشمن پالیسی کے تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے 350 ارب کا بل پیش کیا، یہ پیسہ آپ کی جیبوں سے نکلنا ہے۔ عوام کا غصہ  کم کرنے کیلئے یہ جھوٹ بول رہے ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ساڑھے 5 مہینے میں حکومت نے یہ رقم اکٹھا کرنی ہے۔ جون میں مزید نزلہ گرنے والا ہے۔ ڈبل روٹی، نان، شیر، مال پر ٹیکس لگا دیئے۔ یہ کیا جواز ہے کہ دوائی کے صرف ان پٹ پر ٹیکس لگایا ہے، سیلز ٹیکس عوام پر منتقل ہو گا۔