Sunday, May 12, 2024

معیشت اوپر جارہی ہے تو اپوزیشن احتجاج کی کال کیوں دے رہی ہے؟ فواد چودھری

معیشت اوپر جارہی ہے تو اپوزیشن احتجاج کی کال کیوں دے رہی ہے؟ فواد چودھری
May 30, 2021

اسلام اباد (92 نیوز) وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا ہے معیشت اوپر جارہی ہے تو اپوزیشن احتجاج کی کال کیوں دے رہی ہے؟

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ایک بار پھر اپوزیشن کو نشانے پر رکھ لیا۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے معیشت کا جو حشر کیا اس کے نتیجے میں معاشی تکلیفوں کا سامنا کرنا پڑا۔

فواد چودھری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں حکومتی کامیابیوں کا بھی ذکر کیا۔ لکھا طویل انتظار کے بعد معاشی پالیسیوں کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار 4 ہزار ارب روپے سے زیادہ ٹیکس اکٹھا ہوا۔ بیرون ملک پاکستانیوں نے معیشت کو پاؤں پر کھڑا کرنے کی اس کوشش میں بھرپور حصہ ڈالا۔ اس سال گندم ، چاول، گنا اور مکئی کی تاریخی پیداوار ہوئی۔ اسٹاک مارکیٹ نے 27 مئی کو 2.21 ارب شیئرز کی خریدو فروخت سے نیا ریکارڈ قائم کیا۔ سوال یہ ہے جب معیشت اوپر جارہی ہے اور عام آدمی کی حالت بدل رہی ہے۔ ایسے وقت میں اپوزیشن احتجاج کی کال کیوں دے رہی ہے؟ ایسی سیاست کا فائدہ کس کو ہو گا؟

فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا ملکی تاریخ میں پہلی بار مالی سال میں 4 ہزار ارب سے زائد کے محصولات جمع کرکے تحریک انصاف حکومت نے ایک نئی تاریخ رقم کی۔ ریکارڈ محصولات کا جمع ہونا وزیراعظم پر قوم کے مضبوط اعتماد کا عکاس  اور حکومتی معاشی پالیسیوں کی درست سمت کا ثبوت ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے سیاسی مخالفین پر  بھی کڑی تنقید کی اور کہا اپوزیشن خاص کر کرپٹ  پی ڈی ایم ٹولہ ہوس اقتدار میں اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ کرپٹ پی ڈی ایم کے اوچھے ہتھکنڈے، بےجا الزامات بے وقت کی راگنی اور ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کے مترادف ہے۔