Wednesday, May 8, 2024

'معلوم نہیں تھا سپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب آج ہے'

'معلوم نہیں تھا سپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب آج ہے'
December 3, 2015
اسلام آباد (92نیوز) سپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب سے غیر حاضر رہنے والے حکومتی اراکین نے شوکاز نوٹس کے جواب میں عجیب منطق پیش کر دی۔ کسی کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی‘ کوئی ملک سے باہر تھا تو کسی کو سپیکر کے انتخاب کا علم ہی نہ تھا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز کی رپورٹ ملنے کے بعد سات حکومتی اراکین کو سپیکر کے انتخاب میں غیرحاضر ہونے پر شو کاز نوٹس جاری کیا تو اس کے جواب میں ساتوں اراکین نے غیر حاضری کی عجیب منطق پیش کی۔ غیر حاضر اراکین نے سرکاری اور ذاتی مصروفیات کا جواز پیش کیا۔ سابق وزیر اعظم میر ظفراللہ خان جمالی نے غیر حاضری کی وجہ طبیعت کی ناسازی بتائی۔ وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی کا جواب میں کہنا تھا کہ وہ سرکاری دورے پر قطر تھے۔ وزیر اعظم کے داماد کیپٹن صفدر نے بھی ذاتی دورے پر لندن میں ہونے کی وجہ سے ووٹ کاسٹ نہ کرنے کا عذر پیش کیا۔ سیما محی الدین جمیلی نے شوکاز کے جواب میں کہا کہ میرے لیے ووٹ ڈالنے سے زیادہ والدین اہم ہیں‘ ان کی بیماری کی وجہ سے قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت نہ کر سکی۔ شائستہ پرویز نے غیر حاضری کی وجہ ناگزیر ذاتی وجوہات بتا کر جان چھڑائی۔ رکن اسمبلی منیر اظہر داماد کے انتقال کے باعث اجلاس میں شریک ہو سکے۔ سب سے دلچسپ جواب بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن نے دیا ان کا کہنا تھا کہ وہ اسلام آباد میں تھیں لیکن انہیں معلوم ہی نہ تھا کہ آج سپیکر کا انتخاب ہو رہا ہے۔