Thursday, April 25, 2024

معصوم زینب کا قاتل تاحال آزاد،چیئرمین سینیٹ نے رپورٹ طلب کرلی

معصوم زینب کا قاتل تاحال آزاد،چیئرمین سینیٹ نے رپورٹ طلب کرلی
January 22, 2018

اسلام آباد ( 92 نیوز ) قصور واقعہ میں ملوث درندہ گرفتار کیوں نہیں ہوا؟۔ چیئرمین سینٹ نے  26 جنوری تک رپورٹ طلب کرلی۔ چیئرمین سینیٹ نے انسانی حقوق اور داخلہ کمیٹی کو قصور کا دورہ کرنے کے ہدایت بھی کر دی ۔  سینیٹر رحمان ملک نے بچوں کے ساتھ زیادتی کرنے والے مجرم کو سرعام پھانسی پر لٹکانے کا مطالبہ کردیا  ۔

مقتولہ زینب کے والد کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی والے کو نہیں جانتے ،وہ ہمارےعلاقے کا نہیں ۔ رانا ثنا اللہ جھوٹ بول رہے ہیں۔

سینیٹ اجلاس میں چیئرمین رضا ربانی نے ساںحہ قصور کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے انسانی حقوق اور داخلہ کمیٹی کو قصور کا دورہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اس سےقبل سینیٹ کی داخلہ کمیٹی  کا اجلاس سینیٹر رحمان ملک کی زیر صدارت میں ہوا جس میں زینب قتل کیس کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے زینب اور عاصمہ سے زیادتی کیخلاف قرارداد مذمت متفقہ منظور کی ۔

سینیٹر رحمان ملک نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ لوگ جرائم کے خلاف مہم میں ہمارا ساتھ دیں، جرم ثابت ہونے پر مجرموں کو سرعام پھانسی کی سزا دی جائے۔

مقتولہ زینب کے والد محمد امین کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی والے کو نہیں جانتے ،وہ ہمارےعلاقے کا نہیں۔ کیا کوئی ہوائی چیز ہے جو پھینک گیا۔ سہولت کار بھی پکڑے جانے چاہئے ۔

ایڈیشنل آئی جی پنجاب نے داخلہ کمیٹی کو بتایا کہ 8  بچیوں سے جنسی زیادتی کی واردات  میں ایک ہی شخص ملوث ہے۔ ملزم کی گرفتاری میں 15 دن سے ایک ماہ لگ سکتا ہے۔

کمیٹی نے بچوں کے ساتھ ذیادتی کی سزا سر عام پھانسی مقرر کرنے کی سفارش کی۔