Tuesday, April 23, 2024

معروف کلاسیکل گائیک استاد فتح علی خان انتقال کرگئے

معروف کلاسیکل گائیک استاد فتح علی خان انتقال کرگئے
January 4, 2017

 اسلام آباد(92نیوز)پٹیالہ گھرانے کا ایک اور چراغ ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بجھ گیا  معروف کلاسیکل گائیک استاد فتح علی خان اکیاسی  برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

تفصیلات کےمطابق استاد بڑے فتح علی خان  کلاسیکل موسیقی کا  ایک اور  چراغ بجھ گیا پٹیالہ گھرانہ اور کلاسیکل موسیقی  دنیا بھر میں  برصغیر پاک و ہند کی پہچان سمجھا جاتا ہے۔

اُستاد فتح علی خان اُنیس سو پینتیس میں علی بخش کے بیٹے اُستاد اختر حسین خان کے گھر پیدا ہوئے اُستاد اختر حسین خان کے تین بیٹے تھے  جو دنیائے موسیقی میں استاد امانت علی خان، استاد فتح علی خان اور استاد حامد علی خان کے نام سے مشہور ہیں۔  استاد امانت علی خان اور اُستاد فتح علی خان کو اُن کے والد اُستاد اختر حسین خان نے موسیقی کا فن سکھایا ۔دونوں نے دنیا بھر میں شہرت کمائی ۔یہی وجہ ہے لارڈ ایلگن نے اُستاد فتح علی خان کو کلاسیکل موسیقی کا کرنیل کا خطاب دیا۔ دونوں بھائیوں کی جوڑی نے جب کلکتہ میں ہونے والی آل بنگال میوزک کانفرنس میں پرفارم کیا تو دنیا دنگ رہ گئی  اس وقت استاد فتح علی خان کی عمر چودہ  سال تھی ، حکومت پاکستان نے اُنیس سو اُنہتر میں استاد فتح علی خان کو تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا۔

اب اُستاد فتح علی خان دنیا میں نہیں رہے تاہم جب بھی کلاسیکل موسیقی کا نام لیا جائے گا ان کا نام سنہری حروف سے لکھا جائے گا اُستاد فتح علی خان کو جمعرات کو لاہور میں  سپرد خاک کیا جائے گا ۔