Saturday, April 20, 2024

معروف پاکستانی کاروباری شخصیت سے تصفیے کے دوران وصول کیےگئے کروڑوں پاؤنڈ پاکستان کو منتقل

معروف پاکستانی کاروباری شخصیت  سے تصفیے کے دوران وصول کیےگئے کروڑوں پاؤنڈ پاکستان کو منتقل
December 4, 2019
 لندن (92 نیوز) برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے معروف پاکستانی کاروباری شخصیت سے تصفیے کے دوران وصول کیے گئے کروڑوں پاؤنڈ پاکستان کو منتقل کردیئے۔ این سی اے نے بی بی سی کو تصدیق کر دی۔ پاکستان کے لئے ایک اور اچھی خبر آ گئی۔ بیرون ممالک سے دولت پاکستان میں آنا شروع ہو گئی۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی سی سی نے دعویٰ کیا ہے کہ نیشنل کرائم ایجنسی نے بی بی سی کی طرف سے ایک ای میل کے جواب میں اس بات کی تصدیق کی کہ تمام فنڈز منتقل کر دیے گئے ہیں جبکہ وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے ایک ایس ایم ایس پیغام میں بی بی سی کو بتایا کہ ریاستِ پاکستان کو یہ رقم منتقل ہو گئی ہے۔ پاکستان کی معروف کاروباری شخصیت نے این سی اے کے ساتھ جو تصفیہ کیا ہے اس کے نتیجے میں مرکزی لندن کے مشہور ہائیڈ پارک کے بالکل سامنے ایک رہائشی عمارت ون ہائیڈ پارک پلیس بھی شامل ہے۔ این سی اے کے بیان کے مطابق اس عمارت کی مالیت  پانچ کروڑ پاؤنڈ ہے۔ بی بی سی کے مطابق برطانیہ میں جائیداد کی خرید و فروخت کا ریکارڈ رکھنے کے مجاز ادارے لینڈ رجسٹری سے جب رابطہ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ یہ پراپرٹی آخری مرتبہ دو سال قبل 30 مارچ 2016 کو برطانیہ کے ورجن آئلینڈ میں رجسٹرڈ ایک کمپنی نے چار کروڑ پچیس لاکھ پاؤنڈ میں خریدی تھی۔ این سی اے کے مطابق بارہ کروڑ پاؤنڈ کی رقم آٹھ بینک کھاتوں میں جمع تھی جن کو منجمد کرنے کے احکامات ایجنسی نے اس سال اگست میں ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کورٹ سے حاصل کیے تھے۔ اس سے قبل دو کروڑ پاؤنڈ کی رقم دیگر بینک کھاتوں میں جمع تھی جنہیں دسمبر 2018 میں منجمد کیا گیا تھا۔