Sunday, May 5, 2024

معروف ٹی وی کمپئر طارق عزیز انتقال کر گئے

معروف ٹی وی کمپئر طارق عزیز انتقال کر گئے
June 17, 2020

لاہور ( 92 نیوز) معروف ٹی وی کمپئر طارق عزیزانتقال کر گئے ،اہلخانہ کے مطابق طارق عزیز کو بظاہر کوئی بیماری نہ تھی ،آج گلے میں تکلیف کےباعث مقامی اسپتال  میں داخل کرایا گیا مگر جانبر نہ ہو سکے ۔

طارق عزیز 28 اپریل 1936 کو جالندھر میں پیدا ہوئے ، ان کے اہلخانہ  1947 میں ہجرت کر کے پاکستان آگئے ۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم ساہیوال سے حاصل کی ،بعد میں انہوں نے ریڈیو پاکستان لاہور سے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کیا ۔

جب 1964 میں پاکستان ٹیلی وژن کا قیام عمل میں آیا تو طارق عزیز پی ٹی وی کے  سب سے پہلے مرد اناؤنسر تھے ، سال 1975 میں شروع کئے جانے والے ان کے اسٹیج شو نیلام گھر نے ان کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔

شو نیلام گھر کئی سال تک جاری رہا بعد میں اسے بزمِ طارق عزیز شو کا نام دے دیا گیا۔طارق عزیز کے منفرد  لہجے میں  ’’ دیکھتی آنکھوں اور سنتے کانوں کو طارق عزیز کا سلام ‘‘ ،  ’’یہ پھول اور تحفے آپ کے ساتھ جائیں گے ‘‘ کے  ڈائیلاگ زبان زد عام ہوئے ۔ وہ ہر شو کے  کے اختتام پر پاکستان زندہ باد کا نعرہ ضرور لگاتے ۔

طارق عزیز نے ریڈیو اور ٹی وی پروگراموں کے ساتھ فلموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے ، ان کی سب سے پہلی فلم انسانیت  تھی جو 1967 میں ریلیز ہوئی ، ان کی دیگر مشہور فلموں میں سالگرہ ، قسم اس وقت کی ، کٹاری ، چراغ کہاں روشنی کہاں ، ہار گیا انسان قابل ذکر ہیں ۔

طارق عزیز  کو ان کی فنی خدمات پر بہت سے ایوارڈز بھی ملے ۔ حکومت پاکستان نے 1992 میں حسن کارکردگی کے تمغے سے  بھی نوازا ۔

 طارق عزیز نے سیاست میں بھی حصہ لیا اور 1997 میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ۔