Monday, May 6, 2024

معروف نعت خواں محبوب احمد ہمدانی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے

معروف نعت خواں محبوب احمد ہمدانی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے
October 21, 2020

لاہور ( 92 نیوز) معروف نعت خواں محبوب احمد ہمدانی طویل علالت کے بعد 74 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ، محبوب احمد ہمدانی کینسرکے عارضے میں مبتلا اور چند روز سے لاہور کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے،وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت سیاسی و سماجی حلقوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

حضور نبی رحمت ﷺ کا ثناخوان ولادت مصطفیٰ ﷺ کے مہینے میں چل بسا،عرصہ دراز سے حضرت محمد ﷺ کی خدمت میں گلہائے عقیدت پیش کرنے والے محبوب احمد ہمدانی انتقال کر گئے۔

اہل خانہ کےمطابق محبوب احمد ہمدانی طویل عرصے سے کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے،جنہیں چند روز قبل نجی اسپتال منتقل کیا گیا،معروف نعت خواں کی طبیعت سنبھل نہ سکی اور انہوں نے دوران علاج اپنی جان جانِ آفریں کے سپرد کردی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے محبوب احمد ہمدانی کے انتقال پر افسوس اور سوگواران کیلئے دلی ہمدردی کا اظہار کیا،انہوں نے کہا مرحوم نے نعت خوانی کو منفرد اندز سے آگے بڑھایا ان کا خلا کبھی پورا نہیں ہو گا۔

محبوب احمد ہمدانی نہ صرف خود معروف نعت خواں تھے بلکہ ان کے بھائی مرغوب احمد ہمدانی بھی حضور ﷺ کی ثنا خوانی میں اپنا ایک مقام رکھتے ہیں،دونوں بھائیوں کی اس جوڑی نے کئی دہائیوں تک عاشقان رسول ﷺ کے دلوں کو حضور ﷺ کی محبت سے منور کیا ہے۔