Friday, March 29, 2024

معروف قوال عزیز میاں کا آج 76 واں یوم پیدائش ہے

معروف قوال عزیز میاں کا آج 76 واں یوم پیدائش ہے
April 17, 2018
نیو دہلی (92 نیوز) فن قوالی میں عزیز میاں ایک عہد کا نام ہے ۔ عزیز میاں نے قوالی میں منفرد انداز متعارف کرایا۔ عظیم قوال کے چاہنے والے آج ان کا چھہترواں یوم پیدائش منا رہے ہیں۔ قوالی کو نیا انداز دینے والے عزیز میاں دنیا سے جانے کے بعد بھی اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ عزیز میاں بلند پائے کے قوال ہونے کے ساتھ ساتھ  اعلیٰ تعلیم یافتہ ،فلسفی اور شاعر بھی تھے۔ عزیز میاں نے پنجاب یونیورسٹی سے اردو اور عربی میں ایم اے کیا۔ اکثر اپنی قوالیوں کی شاعری بھی خود کرتے تھے۔ عزیز میاں کا اصل نام عبدالعزیز جبکہ میاں تکیہ کلام تھا۔ معروف قوال سترہ اپریل انیس سو بیالیس کو بھارت کے شہر دہلی میں پیدا ہوئے ۔ قیام پاکستان کے بعد اپنے پاک وطن ہجرت کی۔ عزیز میاں کی آواز بارعب تھی ۔ شاعری پڑھنے میں ایسی مہارت حاصل تھی کہ سامعین پر گہرا اثر چھوڑ جاتے تھے۔ عزیز میاں کی بیشتر قوالیاں دینی رنگ لیے ہوئے ہیں۔ رومانوی انداز میں بھی بھرپور کامیابیاں سمیٹی۔ فن قوالی کے بے تاج بادشاہ چھ دسمبر دوہزار کو فانی دنیا سے کوچ کر گئے۔