Wednesday, April 24, 2024

معروف فنکار سکندر صنم کو بچھڑے 8 برس بیت گئے

معروف فنکار سکندر صنم کو بچھڑے 8 برس بیت گئے
November 5, 2020

کراچی (92 نیوز) ہر ایک کے چہرے پرمسکراہٹ نہیں بلکہ ہنسی کا طوفان لانے والے معروف فنکار سکندر صنم کو آج ہم سے بچھڑے آٹھ برس بیت گئے ۔

اسٹیج ڈرامے ہوں یا پیروڈی فلمیں ہر دلعزیز فنکار سکندر صنم نے ہر جگہ اپنے آپ کو سکندر ثابت کیا، ہر طرح کا کردار خوبصورتی سے نبھانے کی صلاحیت سے مالامال اس فنکار نے اپنے فنی سفر کا آغاز اسی کی دہائی میں اسٹیج ڈرامے سے کیا اور پھر پیچھے مڑکر نہیں دیکھا۔

اسٹیج ڈراموں کی دنیا کے بے تاج بادشاہ کہے جانے والے عمرشریف اور  معین اختر بھی  سکندر صنم  کی صلاحیتوں کے معترف تھے۔

بے بیا معین اختر، یہ ہے نیا زمانہ، بہروپیا عمرشریف،لال قلعے کی  رانی،لالو کھیت کا راجہ سکندر صنم کے یادگار اسٹیج شوز ہیں ۔پڑوسی ملک میں بھی سکندر صنم نے اپنے فن کا لوہا منوایا اور خوب داد وصول کی۔

اپنے برجستہ جملوں سے ہمیشہ ہنسی کا طوفان لانے والا یہ فنکار 5نومبر 2012ء کو جگر کے سرطان کے باعث انتقال کرگیا۔