Friday, May 17, 2024

معروف ادیب اشفاق احمد کا آج 95 واں یوم پیدائش

معروف ادیب اشفاق احمد کا آج 95 واں یوم پیدائش
August 22, 2020
لاہور (92 نیوز) صدی کے معروف ادیب، افسانہ نگار، ڈرامہ نویس اور داستان گو، اشفاق احمد اگر زندہ ہوتے تو آج اپنا پچانوے واں یوم پیدائش منا رہے ہوتے، اتنے سال گزر جانے کے بعد بھی ادب کے دریچوں میں اشفاق احمد کا خلا پر نہ ہو سکا۔ اردوادب کی تاریخ اشفاق احمد کاتذکرہ کئے بغیرمکمل نہیں ہوتا، افسانہ، ڈرامہ اور نثر نگار اشفاق احمد فیروز پور میں پیدا ہوئے، گورنمنٹ کالج لاہور سے ایم اے کیا۔ اٹلی کی روم یونیورسٹی اور گرے نوبلے یونیورسٹی فرانس سے اطالوی اور فرانسیسی زبان میں ڈپلومے کئے۔ نیویارک یونیورسٹی سے براڈکاسٹنگ کی خصوصی تربیت حاصل کی، اشفاق احمد قیام پاکستان کے فوراً بعد ادبی افق پر نمایاں ہوئے اور انیس سو ترپن میں ان کا افسانہ گڈریا ان کو شہرت کی بلندیوں پر لے گیا۔ 1965ء سے انہوں نے ریڈیو پاکستان لاہور پر ہفتہ وار فیچر پروگرام تلقین شاہ کے نام سے شروع کیا جو 30 سال سے زائد عرصہ آن ائیر ہوا۔ اشفاق احمد نے معاشرتی اور رومانی موضوعات پر ایک محبت سو افسانے کے نام سے ایک ڈرامہ سیریز لکھی۔ ان کی سیریز ’’ توتا کہانی ‘‘ اور ’’ من چلے کا سودا ‘‘عوام میں بہت مقبول ہوئی۔ صحافی اور دانشوراشفاق احمد کو فقر اور فقیری سے عشق تھا، اردو ادب کے قاری ہمیشہ اشفاق احمد کی تحریروں سے استفادہ کرتے رہیں گے۔