Saturday, April 20, 2024

معروف اداکارہ مدیحہ گوہر62سال کی عمر میں انتقال کرگئیں

معروف  اداکارہ مدیحہ گوہر62سال کی عمر میں انتقال کرگئیں
April 25, 2018
لاہور ( 92 نیوز ) اسٹیج اور ٹی وی کی معروف  اداکارہ مدیحہ گوہر 62 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں ،  مرحومہ گزشتہ 3 سال سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں۔ مرحومہ کی نماز جنازہ کل شام ان کی رہائش گاہ لاہور کینٹ میں ادا کی جائےگی۔ کراچی میں 1956 میں پیدا ہونے والی مدیحہ گوہر نے علم فنون اور انگریزی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی،پھرلندن یونیورسٹی سے تھیٹر سائنس  میں ماسٹرز  کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد  1983 میں شہر آفاق اجوکا تھیٹر کی  بنیاد رکھی۔جس نے نہ صرف پاکستان بلکہ برصغیر میں تھیٹر انڈسٹری کو نئی جہتوں سے روشناس کروایا۔ مدیحہ گوہر نے نہ صرف تھیٹر کے لیے کام کیا بلکہ انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن کے لیےدھوپ دیوار اورالاؤ جیسے لازوال  ڈراموں  میں جاندار اداکاری کے ذریعے  اپنے کردار کو امر کردیا۔ فنکار ہونے کے علاوہ مدیحہ گوہر بطور سماجی کارکن  بھی کام کرتی رہیں ، خصوصاً حقوق نسواں کے لیے انکی آواز  ہمیشہ  سنائی دیتی رہی۔ انکی خدمات کے صلے میں 2006 میں نیدرلینڈ کی حکومت کی جانب سے پرنس کلوڈ ایورڈ اور 2007 میں انٹر نیشنل تھیٹر پاستا ایوارڈ  سے نوازا گیا  ، 2007 میں ہی ان کے تحریر اور ڈائریکٹ کردہ تھیٹر ڈرامے ’برقع وگینزا‘ نے مقبولیت حاصل کی تاہم بعد میں ناگزیر وجوہات کی بنا پر اسٹیج ڈرامے پر پابندی عائد کردی گئی ۔ گزشتہ رات طبیعت کی خرابی پر انہیں نجی اسپتال لایا گیا جہاںوہ جانبر نہ ہوسکیں اور 62 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملیں،فنکار برادری کی جانب سےمدیحہ گوہر کے انتقال پر گہرے دکھ  کا اظہار کیا  گیا۔