Sunday, May 12, 2024

معروف اداکار جمیل فخری کو ہم سے بچھڑے 9 برس بیت گئے

معروف اداکار جمیل فخری کو ہم سے بچھڑے 9 برس  بیت گئے
June 9, 2020
لاہور (92 نیوز) فلم، ٹی وی اور تھیٹر کے معروف اداکار جمیل فخری کو ہم سے بچھڑے 9 برس  بیت گئے ہیں مگر ان کی لازوال اور جاندار اداکاری آج بھی مداحوں کے دل میں زندہ ہے۔ پاکستان ٹیلی ویژن اور فلم کے عظیم اداکار جمیل فخری مرحوم کی یادیں تازہ کرنے کا دن ہے، جمیل فخری 1946 میں پیدا ہوئے، انہوں نے ساٹھ کی دہائی میں تھیٹر سے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز کیا۔ جمیل فخری نے ڈرامہ سیریل اندھیرا اجالا میں انسپکٹر جعفر حسین کے کردار کو اس حقیقی انداز میں پیش کیا کہ وہ انکی شناخت بن گیا۔ جمیل فخری نے پچاس سے زائد فلموں اور ان گنت ڈراموں میں کام کیا۔ انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس اور نگار ایوارڈ سمیت کئی اعزازات سے نوازا گیا۔ دلدل، وارث، بندھن، ایک محبت سو افسانے، جنجال پورہ، حصار سمیت کئی ڈرامے انکی اداکاری سے سجے۔ جمیل فخری ذیابیطس اور بلڈ پریشر کے مریض تھے۔ دسمبر 2010 میں امریکا میں مقیم اپنے بڑے بیٹے علی ایاز فخری کی پراسرار موت نے انہیں  اندر سے توڑ کر رکھ دیا، حساس فنکار اتنا بڑا صدمہ برداشت نہ سکا اور محض چھ ماہ بعد 9 جون 2011ء کو فن کی دنیا کا یہ درخشندہ ستارہ 65 برس کی عمر میں دار فانی سے کوچ کرگیا۔