Thursday, May 2, 2024

معروف اداکار بین ایفلیک اور جینیفر گارنر نے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا، فلم ‘‘ڈیئرڈیول’’ میں اکٹھے اداکاری کے بعد رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے

معروف اداکار بین ایفلیک اور جینیفر گارنر نے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا، فلم ‘‘ڈیئرڈیول’’ میں اکٹھے اداکاری کے بعد رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے
July 1, 2015
لاس اینجلس (ویب ڈیسک) ہالی وڈ کے معروف اداکار بین ایفلیک اور جینیفر گارنر نے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔ اس بات کا اعلان انہوں نے اپنی شادی کی دسویں سالگرہ کے اگلے دن کیا۔ مشترکہ طور پر بیان دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بہت سوچ بچار کے بعد ہم علیحدگی اختیار کرنے کے اس مشکل فیصلے پر پہنچے ہیں۔ ہم ایک دوسرے کے لیے محبت اور دوستی کے جذبات رکھتے ہیں اور بچوں کی نگہداشت کی ذمہ داری مشترکہ طور پر ادا کریں گے۔ بیالیس سالہ آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار بین ایفلیک اور ترتالیس سالہ جینیفر گارنر نے دو ہزار تین میں سپرہیرو فلم ‘‘ڈیئرڈیول’’ میں اکٹھے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے جس کے صرف دو سال بعد دو ہزار پانچ میں وہ رشتہ ازدواج سے منسلک ہو گئے تھے۔ ان کے تین بچے ہیں جن کی عمریں دس سال سے کم ہیں۔ رائٹرز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ چھے ماہ سے علیحدگی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ بین ایفلیک کی دو ہزار بارہ میں ریلیز ہوئی فلم ‘‘آرگو’’ نے بیسٹ پکچر آسکر ایوارڈ جیتا تھا جبکہ ان کی دو ہزار چودہ میں ریلیز ہوئی فلم ‘‘گون گرل’’ نے بھی باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہیں۔ جینیفر گارنر نے بھی حال ہی میں ‘‘الیگزینڈر اینڈ دی ٹیریبل، ہاریبل، نو گڈ، ویری بیڈ ڈے’’ میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔