Thursday, April 18, 2024

معروف اداکار اور ڈرامہ نگار کمال احمد رضوی کو مداحوں سے بچھڑے 5 برس بیت گئے

معروف اداکار اور ڈرامہ نگار کمال احمد رضوی کو مداحوں سے بچھڑے 5 برس بیت گئے
December 17, 2020

لاہور (92 نیوز) معروف اداکار اور ڈرامہ نگار کمال احمد رضوی کو مداحوں سے بچھڑے 5 برس بیت گئے۔ اداکار نے پاکستان میں ڈرامہ نگاری کے فن کو بام عروج پر پہنچایا۔

اداکار ننھا کے ساتھ ڈرامہ سیریل الف نون سے شہرت پانے والے معروف اداکار کمال احمد رضوی نے فن اداکاری کے ساتھ  ڈرامہ نگاری اور ہدایت کاری میں بھی اپنا لوہا منوایا۔

یکم مئی 1930 کو بھارت میں پیدا ہونے والے کمال احمد رضوی 1951 میں پاکستان منتقل ہوئے اور 1958 میں ضیا محی الدین کے ساتھ تھیٹر سے کرئیر کا آغاز کیا ۔ پی ٹی وی پر پیش کئے گئے پروگرام الف نون سے ایسی شہرت پائی کہ چاہنے والے آج بھی الن اور ننھا کی جوڑی کو یاد کرتے ہیں۔

کمال احمد رضوی نے اپنی اداکاری سے جہاں مسکراہٹیں بکھیری وہیں عوامی مسائل کو نہایت شگفتہ طنز و مزاح کے انداز میں اجاگر کیا۔ بہترین خدمات کے اعزاز میں انہیں حکومت پاکستان نے صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا ۔ 17 دسمبر 2015 کو دل کا دورہ پڑنے سے ادب و مزاح نگاری کا یہ باب ہمیشہ کے لئے بند ہو گیا۔